کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ، سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا

  • November 11, 2019, 11:49 am
  • National News
  • 99 Views

کراچی : سندھ حکومت نے شہر قائد کے علاقوں ملیرمیمن گوٹھ ،کورنگی بلال کالونی، غازی گوٹھ اور جعفرطیار میں ٹڈی دل کے فصلوں پر حملے کا نوٹس لے لیا.

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے ٹڈی دل کی آمد پر رپورٹ طلب کر تے ہوئے ڈی جی زراعت، ڈی سی ملیر اور محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو فوری طور فصلوں پر اسپرے کروانے کا حکم دے دیا۔

اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹڈی دل کے حملے سے کہیں بھی فصل کو نقصان نہیں پہنچا، ٹڈی دل کراچی کے بارانی علاقوں سے گزررہی ہےاور کچھ دنوں میں سندھ سے واپس بلوچستان میں داخل ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارہ پلانٹ پروٹیکشن سندھ میں پہلے سے ہی اقدامات اٹھاتا تو ٹڈی دل کراچی تک نہ پہنچتی۔

وزیر زراعت نے ٹڈی دل کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر متعلقہ اداروں کے افسران کو فوری اقدام اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔