کوئٹہ میں استاد کے تشدد سے طالب علم اسپتال منتقل

  • November 9, 2019, 10:23 pm
  • National News
  • 116 Views

کوئٹہ کے سرکاری اسکول میں استاد نے اول جماعت کے طالب علم کو بدترین تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق سول لائن تھانے کی حدود میں پوسٹل کالونی کے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں ٹیچر نے اول جماعت کے طالب علم حکمت اللہ پر بدترین تشدد کیا جس کی وجہ سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔

متاثرہ بچے کے والد محب اللہ کا کہنا ہے کہ استاد عبدالقادر نے بچے کو اسکول تاخیر پر آنے سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کے ہاتھ، کمر، پیٹ اور جسم کے مختلف حصوں میں شدید زخم آئے۔ درد اور تکلیف کیے باعث بیٹا بخار میں مبتلا ہوگیا جس کے بعد علاج کےلیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

سول لائن تھانہ پولیس نے ملزم عبدالقادر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ 13 اپریل 2019 کو ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز بلوچستان کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلباء و طالبات کو تشدد اور جسمانی سزا دینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

مراسلہ کے مطابق بلوچستان کے اسکولوں میں ضابطۂ اخلاق کے برخلاف سزائیں دی جا رہی ہیں جس سے بچے تعلیم چھوڑ رہے ہیں۔ خود اعتمادی میں کمی سے طلباء کا سیکھنے کا عمل بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

مراسلہ میں ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز نے ڈویژنل ڈائریکٹر اور ڈی ای اوز کو پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔