سکھ برادری کو پاکستان کا ایک اور تحفہ ، ایک سال تک پاسپورٹ کی چھوٹ

  • November 7, 2019, 9:44 pm
  • National News
  • 95 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کا سکھ برادری کو ایک اور بڑا تحفہ ، بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی خوشی میں ایک سال تک پاسپورٹ کی چھوٹ دے دی ۔ پیشگی اطلاع اور 20 ڈالر سروس فیس سے بھی 9 اور 12 نومبر کے لئے استثنیٰ دے دیا گیا۔

کرتار پور راہداری کے منصوبے کے افتتاح کا وقت آن پہنچا ،وزیراعظم عمران خان 9 نومبر دنیا کے سب سے بڑے گورو دوارے کا افتتاح کریں گے ، نانک نام لیواؤں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکاہے ۔

پاکستان کی جانب سے مزید مراعات کا اعلان کر دیاگیا ، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ نانک نام لیواؤں کو ایک سال کیلئے پاسپورٹ کی شرط سے استثنیٰ دے دیا گیا ، 9 اور 12 نومبر کو 20 ڈالر فیس بھی نہیں دینا پڑے گی۔

سکھ لڑکیوں نے پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تعریف میں گانا تیار کر لیا۔ دوسری جانب ممتاز بھارتی سیاسی و سماجی رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، سدھو جی نے افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کر دیا۔

نوجوت سنگھ سدھو کاکہنا تھا کہ دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں کی تعداد میں سکھ برادری اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کیلئے بیتاب ہیں ، حکومت پاکستان خصوصاً وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

سینیٹر فیصل جاوید نے دنیا بھر سے تشریف لانے والے سکھ بھائیوں کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ہرطرح کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔