سیاحت کے فروغ سے نوکریوں کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

  • November 7, 2019, 9:43 pm
  • National News
  • 83 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شعبہ سیاحت کے فروغ سے نوکریوں کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں معاونین خصوصی ذوالفقار بخاری، فردوس عاشق اعوان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا، وزیراعظم کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ دس سالہ نیشنل ٹورازم اسٹرٹیجی تشکیل دی گئی ہے، نیشنل ٹور ازم ایکشن پلان 2020-25 بھی مرتب کیا گیا۔

عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف ایونٹس کا نیشنل کیلنڈر بھی ترتیب دیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی میں اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا ہے اور پی ٹی ڈی سی کی نئی ویب سائٹ قائم کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہے، سیاحت کے فروغ کے سے دنیا بھر سے لوگ پاکستان کا رخ کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاحت سے معاشی سرگرمیاں اورغیرملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوتا ہے، سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے، اگر یہاں سیاحت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تو صرف سیاحت ہماری معیشت میں ایک بڑے اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔