معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا ضروری تھے، وزیراعظم عمران خان

  • November 7, 2019, 8:52 pm
  • Political News
  • 88 Views

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کےلئےمشکل فیصلے کرنا ضروری تھے ، ان اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ملک کی معیشت میں استحکام آ چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں پنجاب کی سرکاری اراضی فلاحی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے ، اور پنجاب کوآپریٹو بورڈ فارلیکوڈیشن کے زیرانتظام املاک پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیرقانون فروغ نسیم، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، وزیر برائے کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ، وزیر قانون راجہ بشارت ، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پی سی بی ایل کی ملکیت میں 293 املاک ہیں، زرعی، کمرشل، رہائشی جائیدادوں پر مشتمل 98 املاک نیلامی کے لئے میسر ہیں، جن کی مالیت کھربوں روپے ہے اور بقیہ املاک سے متعلق مقدمات مختلف عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جبکہ پی سی بی ایل کی نئی انتظامیہ نے 6 ماہ میں املاک سے قبضے چھڑائے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ معیشت، وسائل کا بڑا حصہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہوتا ہے، ماضی میں سرکاری املاک کو موثر بروئےکار نہ لانا مجرمانہ غفلت تھی، موجودہ حکومت سرکاری املاک کو عوامی فلاح کیلئے بروئےکار لائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری املاک سے حاصل آمدن معاشی عمل اور نوکریوں کے لئے صرف کی جائے ، املاک سے متعلق مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے کوششیں تیز کی جائیں جبکہ پی سی بی ایل اور وزیر قانون کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالی، معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا ضروری تھے ، ان اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ملک کی معیشت میں استحکام آچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کوریلیف فراہمی،معاشی عمل میں تیزی کی کوششیں کرنا ہوں گی اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کے لئے بھی کوششیں کرنا ہوں گی۔