نیب نے اکرم درانی اور مریم نواز کو کل طلب کرلیا

  • November 7, 2019, 8:48 pm
  • National News
  • 101 Views

اسلام آباد: نیب نے جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما اکرم درانی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو کل طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما اکرم درانی کو غیرقانونی بھرتیوں، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جبکہ نیب لاہور نے مریم نواز کو چوہدری شوگر مل کیس میں کل طلب کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزچوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی رہائی کے لیے قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اکرم درانی کو چوتھی بار طلب کیا گیا ہے، غیرقانونی بھرتی کیس میں دو سرکاری افسر بھی گرفتار ہوچکے ہیں۔

نیب راولپنڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں مختار بخش اور عاطف ملک شامل ہیں، مختار بخش پی ڈبلیو ڈی کے چیف ایڈمن آفیسر ہیں، ملزمان نے غیرقانونی طریقے سے بھرتیاں کی تھیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے اکرم درانی کی ضمانت میں 21 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

دوران سماعت نیب حکام کی جانب سے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی تھی جس پر عدالت نے آئندہ سماعت تک جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

خیال رہے کہ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ میرے اثاثے سب کےسامنے ہیں، اداروں کو چیلنج کرتا ہوں میرے اثاثوں کی چھان بین کریں جوکچھ میرے پاس ہے وہ میرا اپنا ہےاور وراثت سےملا ہے،85 سالہ بوڑھی ماں سےبھی نیب نےتفتیش شروع کردی ہے۔