نواز شریف کے پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے، مریم اورنگزیب

  • November 7, 2019, 8:44 pm
  • Political News
  • 217 Views

مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لیے پاکستان میں دستیاب ہرممکن علاج کیا جارہا ہے جبکہ نوازشریف کےپلیٹ لٹس مستحکم نہیں ہو رہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹروں کے بورڈ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 16 دن بعد اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ اسپتال سے گھر پہنچ گئے۔

رہنما مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ محمد نواز شریف کےعلاج کے لیے ان کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کی صحت کی نازک صورتحال پر ڈاکٹرز نے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ڈاکٹرز نے ان کی صاحبزادی مریم نواز کو والد کی صحت کے حوالے سے سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ گھر پر بنائے گئے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس کم ہونے کے باعث Hospital Acquired انفیکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے۔

ڈاکٹرز نے طبی خطرات کے پیش نظر نواز شریف کے لیے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی، ڈاکٹر عدنان کی زیر نگرانی شریف میڈیکل سٹی اسپتال نے نواز شریف کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کیا ہے ۔

آئی سی یو میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے، ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔

نواز شریف کے اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے قبل شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز اور نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت دیگر عملہ بھی سروسز اسپتال میں موجود تھا جہاں میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز کے حوالے کیں۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے میڈیا کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ ختم ہوگیا، شریف سٹی کے ڈاکٹر اب نواز شریف کو دیکھیں گے، شریف سٹی میڈیکل اسپتال سے آئے ڈاکٹروں کو مکمل طور پر بریف کر دیا ہے، نوازشریف کے زیر استعمال 12 کے قریب ادویات جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

سروسز اسپتال سے روانگی کے وقت نواز شریف نے ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے میرا علاج کیا جس پر میں آپ کا مشکور ہوں، آپ لوگوں سے کسی بہتر وقت پر ملاقات ہوگی۔

نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ایمبولینس کی بجائے بلٹ پروف گاڑی میں مریم نواز کے ہمراہ جاتی امراء روانہ کیا گیا، اس موقع پر اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ راستے میں بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

اس سے قبل لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ کیس میں قید مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

جیل حکام نے مریم نواز سے ان کی رہائی کے احکامات پر سروسز اسپتال لاہور میں دستخط کروائے تھے۔