کروڑوں کےاثاثے چھپانے پر محمد حفیظ کو نوٹس جاری

  • November 7, 2019, 8:40 pm
  • Sports News
  • 227 Views

ایف بی آر نے کروڑوں روپے کے اثاثے چھپانے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کرکٹر محمد حفیظ کا گزشتہ پانچ سال یعنی 2014 سے سال 2018 تک کا آڈٹ کیا جارہا ہے، ایف بی آر نے محمد حفیظ کی تمام بینکوں سے تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

حکام کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ نے تقریباً 17 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ایف بی آر کو ظاہر نہیں کیے، ایف بی آر نے محمد حفیظ سے اثاثے چھپانے پر جواب طلب کر لیا ہے۔

ا س حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ وہ ایف بی آر کے نوٹس سے لا علم ہیں اورانہیں نہیں معلوم کہ ایسی خبریں کیوں پھیلائی جارہی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہر سال باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرنز جمع کرواتا ہوں، وکیل کے ذریعے ایف بی آر کو نوٹس اور کاپیاں بھجوائیں گے۔