آسٹریلیا کے خلاف تیسراٹی20، پاکستانی ٹیم کے پرتھ میں‌ ڈیرے

  • November 7, 2019, 2:50 pm
  • Sports News
  • 123 Views

پرتھ: آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستانی ٹیم پرتھ میں موجود ہے، قومی ٹیم آج پریکٹس کرے گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کل اہم ٹاکرا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم کینبرا سے پرتھ پہنچ چکی ہے، کھلاڑیوں نے گزشتہ روز آرام کیا اور آج سے پریکٹس کا آغاز کریں گے، پاکستانی ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے۔

بابراعظم تیسراٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے پر عزم ہیں، آوٹ آف فارم فخرزمان اور آصف علی کی کارکردگی ٹیم کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے، تیسرے ون ڈے میں ناکام کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جاسکتا ہے۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، کپتان بابر اعظم کو کل کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کو جیتنے کے لیے جان لگانی ہوگی، بابراعظم کے لیے قیادت کرنا ایک چیلنج بن گیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی کیلیے آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کی جگہ بلی اسٹین لیک ٹیم کاحصہ ہوں گے، آسٹریلیا کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی فارم اچھی نہیں ہے، ان کی بطورکپتان پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں،سرفراز کی خدمات کے سب معترف ہیں۔