حکومت نے وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ مسترد کر دیا

  • November 7, 2019, 2:41 pm
  • Political News
  • 114 Views

حکومت نے وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ مسترد کر دیا
اسلام آباد: حکومت نے وقت سے قبل انتخابات کا اپوزیشن کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے، حکومتی ذرایع کا کہنا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی ذرایع نے کہا ہے کہ مولانا کے تمام مطالبات پورے نہیں ہو سکتے، قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ نہیں مانا جا سکتا، انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔

ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو بھی واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، دوسری طرف سیاسی رابطوں کا سلسلہ دستور جاری ہے، ذرایع کے مطابق چوہدری برادران کا وزیر اعظم عمران خان اور مولانا کے درمیان کردار کامیاب ہو سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے چوہدری پرویز الہٰی کو مکمل اختیار دیا ہے، دیگر اراکین کے مقابلے میں چوہدری برادران زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں، مولانا کچھ نہ کچھ لے کر ہی جائیں گے۔

ادھر ذرایع نے یہ بھی بتا دیا ہے کہ جمعے کو دھرنا ختم ہونے کا امکان معدوم نظر آ رہا ہے۔

تاہم مولانا کا دھرنا ختم کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطے جاری ہیں، رہبر کمیٹی کا اجلاس 2 بجے ہوگا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اور جے یو آئی میں ایک اور رابطہ ہوا ہے، فضل الرحمان اور چوہدری پرویز الہیٰ کی ایک اور ملاقات آج ہوگی، پرویز الہیٰ مولانا کو حکومتی کمیٹی اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی تجاویز اور درمیانی رابطے سے آگاہ کریں گے۔