وزیر اعظم اپنا تعاون جیب میں رکھیں ، جے یو آئی

  • November 6, 2019, 10:44 pm
  • Breaking News
  • 208 Views

جمعیت علماء اسلام (ف) نے بارش اور بدلتے موسم کے بعد آزادی مارچ کے شرکاء کی مدد کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے چیئرمین سی ڈی اے کو جاری کئے گئے احکامات پر اپنا رد عمل دے دیا۔

جے یوآئی (ف) کے جنرل سیکریٹری عبدالغفور حیدری نے وزیر اعظم کی مدد کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب اپنے تعاون کو اپنی جیب میں رکھیں، ہمارے رضاکار بہت ہیں۔

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم اپنی مدد خود کر رہے ہیں اور اپنا انتظام بھی خود کرلیں گے، ہماری مجلس شوریٰ کا اجلاس صبح سے جاری تھا جو اب ختم ہوا ہے۔

جنرل سیکریٹری جے یو آئی ف نے کہا کہ ہمارے لیے بارش اللّٰہ کی رحمت ہےجبکہ یہ حکومت قوم کے لیے اللّٰہ کا غضب ہے۔

اضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بارش اور بدلتے موسم میں آزادی مارچ کے شرکاء کی مدد کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کو احکامات جاری کیے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے سی ڈی اے چیئرمین کو فوری طور پر دھرنا سائٹ کا دورہ کرنے کے احکامات جاری کیے اور آزادی مارچ کے شرکاء کو امداد بھی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے معلوم کریں کہ بارش اور بدلتے موسم کے دوران دھرنے کے شرکاء کی کیا مدد کی جاسکتی ہے۔

گزشتہ رات اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے شرکاء کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کے سبب مارچ کے شرکاء کے کئی عارضی خیمے اُکھڑ گئے جبکہ متعدد شرکاء نے رات میٹرو اسٹیشن میں گزاری۔