پاکستانی ہیکرز نے قوم کو 6 ستمبر کا تحفہ دے دیا، بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کر لی

  • September 6, 2019, 4:40 pm
  • Science & Technology News
  • 573 Views

اسلام آباد(،6ستمبر 2019 ء) آج پاکستان بھر میں یومِ دفاع پاکستان منایا جا رہا ہے۔ یہ وہی دِن ہے جب پاکستانی دلیر افواج نے1965ء میں رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کرنے والے بزدل دُشمن بھارت کے بڑھتے ہوئے ناپاک قدموں کو نہ صرف روک دیا تھا بلکہ اُنہیں جنگ میں ایسی کراری ہار دی تھی کہ آج تک بھارت سسکیوں کے ساتھ اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔
آج کے روزکی مناسبت سے پاکستانی ہیکرز نے بھی ایسا شاندار کارنامہ انجام دیا ہے جس سے مودی اور اس کے انتہا پسند ساتھیوں پر صدمے کی سی کیفیت طاری ہو گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ہیکرز نے مودی کی جماعت بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی‘) کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کر کے اس کے بیک گراؤنڈ پر پاکستان کا قومی ترانہ لگا دیا ہے۔
ابھی تک ویب سائٹ بحال نہیں کی جا چکی۔

پاکستانی ہیکرزکے اس سائبر حملے کو سوشل میڈیا پر یومِ ستمبر کی مناسبت سے بھارت کو ایک کرارا جواب قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستانی ہیکرز نے کئی بار بھارت کی آفیشل ویب سائٹس ہیک کی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل پاکستان سے غداری کرنے والے عدنان سمیع کا بھی پاکستانی ہیکرز نے اکاؤنٹ ہیک کر لیا تھا۔ ہیکرز نے عدنان سمیع خان کے اکاوٴنٹ سے پیغامات جاری کیے اور پروفائل پکچر پر عدنان سمیع خان کی جگہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تصویر لگا دی تھی۔
اکاوٴنٹ ہیک کرنے کے بعد جاری کیے گئے پہلے پیغام میں ترکی اور پاکستان کے جھنڈے کی تصویر شئیر کی گئی تھی۔ پیغام میں کہا گیا کہ ہمیں پاکستان آنے اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کر کے بے حد خوشی ہو گی۔جس کے بعد دوسرے پیغام میں کہا گیا کہ یہ اکاوٴنٹ ترکی کی سائبر آرمی نے ہیک کر لیا ہے۔اس اکاوٴنٹ کے تمام میسجز اور اہم ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بھی اس ٹویٹر اکاوٴنٹ سے کئی پیغامات شئیر کیے گئے۔اپنے اہم پیغام میں ہیکرز کا کہنا تھا کہ جو بھی ہمارے برادر ملک پاکستان کے ساتھ غداری کرے گا وہ یہ بات بخوبی جان لے کہ اْس کے ٹویٹر اکاوٴنٹ پر عمران خان اور پاکستان کے جھنڈے کی تصویر ہو گی۔