بجلی کی قیمت میں 1.5روپے فی یونٹ اضاف

  • June 13, 2019, 4:35 pm
  • Business News
  • 760 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیپرا نے عوام پر 190 ارب روپے کا بوجھ ڈالنے کیلئے آج بجلی کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومت نے آر ایل این جی قیمتوں میں سوئی ناردرن (SNGPL) کیلئے جون کے مہینے میں 5.33 فیصد اضافہ اور سوئی سدرن (SSGC) کیلئے گزشتہ ماہ تک کیلئے 5.49 فیصد اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کے سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ نیپرا نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ صارفین پر 190 ارب روپے سے زائد کا بوجھ 15 مہینوں میں منتقل کیا جائے کیونکہ حکومت صارفین پر یہ بوجھ 24 مہینوں میں منتقل کرنا چاہتی تھی۔ عہدیدار نے تصدیق کی کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ نیپرا سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میکانزم کے تحت بجلی کی قیمتوںمیں فی یونٹ ڈیڑھ روپے اضافہ کرنے والی ہے۔ تاہم نیپرا عہدیداران خاموش ہیں لیکن پاور ڈویژن ذرائع کا اصرار ہے کہ ریگولیٹر آج ٹیرف کا اعلان کرنے والا ہے اور اسی دن پاور ڈویژن ریگولیٹر کا فیصلہ حاصل کرلے گا۔ اس اضافے سے لائف لائن صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔ 300 یونٹس سے

کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی دی جائے گی اور 300 یونٹس سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں پر 190 ارب روپے کا بوجھ ڈالا جائے گا۔ حکومت آئی ایم ایف معاہدے کے تحت یکم جولائی سے پاور ٹیرف میں ڈیڑھ روپے کا اضافہ کرے گی اور پاور ڈویژن آج نیپرا کا فیصلہ وصول کرے گا اور پھر اس پر کام شروع کرےگا کہ کس قسم کے صارفین کی کیٹگریز کو سبسڈی دی جائے اور کسے سبسڈی نہ دی جائے۔ دوسری جانب اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریگولیٹر نے سوئی ناردرن صارفین کیلئے 11.0163 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی کیلئے 10.9562 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی نئی قیمتیں طے کی ہیں۔ ان قیمتوں میں ایل این جی ٹرمینلز، ٹرانسمیشن لاسز، پورٹ چارجز وغیرہ بھی شامل ہیں۔