ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹ سے ہرادیا

  • June 1, 2019, 12:29 am
  • Sports News
  • 269 Views

کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 21 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 105 رنز بناسکی تھی، جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور 46 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر شائی ہوپ 11 اور ویوائن براوو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کو محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

دوسرے اینڈ پر کرس گیل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے تیزی کے ساتھ رنز بنائے اور شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

گیل 34 گیندو ں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اُن کی وکٹ بھی محمد عامر کے حصے میں آئی۔

نکولس پورن 28 اور شمرون ہٹمائر 7 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 13 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 3 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔

پاکستان کے لئے خوش آئند بات یہ ہے کہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر فارم میں واپس آگئے ہیں، ویسٹ انڈیز کے تینوں بیٹسمینوں کو محمد عامر نے پویلین کی راہ دکھائی۔


ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان105رنز پر ڈھیر

اس سے پہلے بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان ٹیم صرف 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

پاکستان کے صرف چار بیٹسمین فخرزمان، 22، بابراعظم 22، وہاب ریاض 18 اور محمد حفیظ 16 رنز کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹ سے ہرادیا
ویسٹ انڈیز کے اوشان تھامس نے 4، جیسن ہولڈر نے 3، آندر رسل نے 2 اور کوٹریل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں یہ پاکستان کا دوسرا کم ترین اسکورہے، اس سے قبل 1992ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں پاکستان ٹیم40 اعشاریہ 2 اوورز میں 74 رنز بناسکی تھی۔