پاکستان نے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کردیا

  • May 20, 2019, 2:53 pm
  • Sports News
  • 303 Views

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے لیے حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، قومی ٹیم میں شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دورۂ انگلینڈ کے بعد ہم نے محسوس کیا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں ہونی چاہئیں، اس وجہ سے ٹیم میں ہم 3 تبدیلیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شاداب خان فٹ ہوکر واپس آگئے ہیں،وہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہیں جبکہ تجربہ کار عامر اور وہاب کی ٹیم میں شمولیت انگلینڈ کے خلاف سیریز میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی کے بعد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا مگر فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، جبکہ آصف علی کو عابد علی پر ان کی پاو ر ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی ہے۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ انگلینڈ میں 4 میچوں میں 2800 رنز بنے ہیں، فیلڈنگ کا فرق واضح تھا، فیلڈنگ کا معیار مزید بہتر بنانا ہے، انگلینڈ میں پرانی گیند کرنے والے بولرز زیادہ بہتر کھیل سکتے ہیں اور ہمارا وہاب ریاض ریورس سوئنگ اور پرانی گیند اچھی کرتا ہے۔

چیف سلیکٹر کی جانب سے اعلان کردہ قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، آصف علی، بابر اعظم، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، وہاب ریاض اور شاداب خان شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے اعلان کردہ 23 رکنی اسکواڈ میں شامل جنید خان، فہیم اشرف، یاسر شاہ اور عابد علی کو ڈراپ کیا گیا ہے، جنید خان کی جگہ محمد عامر، فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ عابد علی کی جگہ آصف علی اور یاسر شاہ کی جگہ شاداب خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔





انضمام نے بتایا کہ گھبراہٹ میں فیصلے نہیں کیے، ہم نے اپنے آپشنز دیکھ کر فیصلہ کیا ہے، اوپنر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ ہمارے تیسرے اوپنر ہوسکتے ہیں، محمد حسنین کے پاس تجربہ نہیں لیکن اس کے پاس پیس ہے۔