اورماڑہ: بس سے اتار کر 14 مسافر قتل

  • April 18, 2019, 2:21 pm
  • Breaking News
  • 437 Views

بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر بس کے مسافروں پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کےنتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ اورماڑہ کے علاقے بزی چڑھائی کے قریب پیش آیا، جہاں پر نامعلوم مسلح افراد نے کراچی سے گوادر اور گوادر سے کراچی جانے والی مختلف مسافر بسوں کو روکا۔

مسلح افراد نے مختلف افراد کو ان کے شناختی کارڈ سے شناخت کرنے کے بعد بس سے اتارا، کچھ فاصلے پر لے جا کر ان کے ہاتھ پیچھے سے باندھ کر انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا، تمام جاں بحق افراد غیر مقامی بتائے جا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ او ر لیویز فورس موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

میتوں کو اورماڑہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات بھی یکجا کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بوزی ٹاپ کے قریب کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے سول بسوں میں سوار 14 افراد میں پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔