کوئٹہ میں بارش کیساتھ ہی گیس غائب،عوام اذیت میں مبتلا

  • January 21, 2019, 12:42 pm
  • Breaking News
  • 274 Views

کوئٹہ(پ ر)کوئٹہ میں بارش کیساتھ ہی گیس کی بندش اور پریشر میں کمی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جان محمد روڈ، حسن کالونی ، کوچہ بہرام، لال کالونی‘ کواری روڈ و دیگر علاقوں کے مکینوں محمد ایاز، محمد عقیل، محمد ثاقب، شوگت گجر و دیگر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تو دوسری جانب گیس کی بندش اور پریشر میں کمی نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں۔ گیس پریشر انتہائی کم اور اکثر علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ مکینوں نے کہا کہ ہر ماہ باقاعدگی کے ساتھ ہزاروں روپے کا بل جمع کرانے کے باوجود محکمہ گیس کی فراہمی میں ناکام ہوگیا۔ گزشتہ روز کی بارش کے بعد علاقے میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تو دوسری جانب گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے منتخب نمائندے نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر علاقے میں گیس کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا لیکن ابھی تک وہ اپنا وعدہ پورا نہ کرسکے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اور گیس حکام سے اپیل کی کہ شہر کے وسطی علاقوں میں گیس کی بندش ختم اور پریشر کو درست کرنے کیلئے اقدامات کریں۔