بلوچستان کے مسئلے کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے ، نیشنل پارٹی

  • December 31, 2018, 12:46 am
  • National News
  • 264 Views

کوئٹہ (پ ر)نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کا سیاسی مسئلہ ہے اور سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے اور مذاکرات سے نکالا جاتا ہے اور بلوچستان میں لاپتہ کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے اس میں پیش رفت کیلئے سنجیدگی اور مفاہمت کی پالیسی ضروری ہے لیکن تبدیلی سرکار اس میں سنجیدگی دکھانے کے بجائے سیاسی قیادت کواحتساب کے نام پر انتقامی کاروائی کا نشانہ بناکر رہی ہے پارٹی ورکرز پارٹی کو منظم کرنے کیلئے تنظیم کاری کے عمل کو جاری رکھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پارٹی خاران کے آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی خاران کے آرگنائزر یونس بلوچ ،حاجی ظہیر بلوچ، کے ڈی بلوچ ،نصرت اللہ قاسم بلوچ نے بھی خطاب کیا۔خیر بخش بلوچ نے کہا کہ پارٹی کارکن پارٹی پروگرام اور پالیسیوں کی تشہیر کرنے کے لئے عوام سے رابطے میں رہے اور اس رابطے کے عمل کو تنظیم کی شکل میں جاری رکھیں تاکہ پارٹی منظم اور وسط اختیار کریں انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا ضامن جمہوریت ہی ہے اور جہموریت کے استحکام کیلئے حقیقی سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرناہے،انہوں نے کہاکہ18ویں ترمیم کے بعد وفاق کا حقیقی تصور نظر آیا ہے جو قومی اکائیوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کا ذریعہ بن گیا لیکن مخصوص حکمران طبقہ جو ایک الگ مائنڈ سیٹ رکھتا ہے اور یہ مائنڈ سیٹ روز اول سے 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی سازش کررہی ہے موجودہ حکومت کے وزرا ء کی طرف سے بھی 18ویں ترمیم کے خلاف بیان دینا جمہوریت دشمن اقدام ہے انہوں نے کہا کہ تبدیلی حکومت کا کوئی وژن نہیں اور اپنی ناکامی و نااہلی کو چھپانے کے لئے حزب اختلاف کی قیادت کو احتساب کے نام پرنشانہ بنا رہی ہے جس نے احتساب کی شفافیت پر خو د سوال اٹھا دیاہے ،نیشنل پارٹی احتساب کے عمل کو بلا امتیاز کرنے پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کے مسائل سے چشم پوشی کی اختیار کر رکھی ہے بلوچستان کے عوام ،پانی بے روزگار ی ،اور بدامنی سے متاثر ہے ،روزگار دینے کے بجائے گوادر کے ماہی گیروں کی اپنی روزگار بھی چھین رہی ہے لاپتہ افراد کے حوالے سے کسی قسم کی سنجیدگی نہیں جس سے متاثرہ خاندانوں کی محرومیاں بڑھ رہی ہے بلوچستان کے مسلے کا حل مذکرات ہے اور لاپتہ افراد کی بازیابی اعتماد سازی کا آغاز ہے۔