چیئرمین کا پاکستان اور برونائی دارالسلام کے مابین اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر زور

  • December 31, 2018, 12:46 am
  • National News
  • 185 Views

اسلام آباد+کوئٹہ (پ ر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان اور برونائی دارالسلام کے مابین اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ اقتصادی شعبوں میں رابطہ کاری بڑھانے سے دو طرفہ تعلقات نئی بلندیوں تک جا پہنچیں گے اور دونوں ممالک کو تعلیم، سماجی شعبوں اور فنی معاونت کے لئے بھی نئی راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاس میں برونائی دارالسلام کے ہائی کمشنر بریگیڈئیر جنرل ریٹائرڈ حاجی محمود بن حاجی سیدین سے ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور برونائی دارلسلام مختلف عالمی اور علاقائی امور پر ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے اقتصادی شعبوں، تعلیم اور صحت کے میدانوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں وفود کے تبادلوں سے نہ صرف دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا بلکہ اقتصادی تعلقات کے لئے نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ برونائی دارلسلام پاکستان کے مختلف شعبوں خاص طور پر تعلیم وتربیت اور فنی تعلیم سے استفادہ کر سکتا ہے اور اس مقصد کے لئے تاجر برادری اور سماجی شعبے کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہائی کمشنر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔