ڈویژنل وڈپٹی کمشنر ز کو صحت ، تعلیم وآبنوشی منسوبوں کی نگرانی کی ذمہ داریاں تفویض

  • December 28, 2018, 12:20 am
  • National News
  • 81 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن اور صوبائی حکومت کی پالیسی کے تحت ڈویژن اور ضلع کی سطح پر مالی ودیگر اختیارات منتقل اور ان میں اضافہ کیا گیا جبکہ ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ترقیاتی منصوبوں، تعلیم صحت اور آبنوشی کے محکموں کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، اس حوالے سے ڈویژنوں اور ضلعی سطح پر انتظامیہ کی کارکردگی اور متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر کی زیر صدارت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں نے شرکت کی اور اپنے اپنے ڈویژن اور اضلاع میں امن وامان کی صورتحال، ضلعی افسران اور اہلکاروں کی حاضری، اسکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں میں اسٹاف کی حاضری اور اسامیوں کی تفصیلات، کوئٹہ ژوب شاہراہ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام، ترقیاتی منصوبو ں اور ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پروگرام، صفائی کی صورتحال اور گرین پاکستان مہم، ڈسٹرکٹ واٹر کمیٹی کے ماہانہ اجلاس، ریذیڈنشل اور کیڈٹ کالجز میں اساتذہ اور طلباء کی تعداد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے ماہانہ اجلاس نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لئے اراضی کی دستیابی، یونین کونسل، تحصیل اور ضلع میں سرکاری اراضی کی نشاندہی، سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خاتمے اور خشک سالی کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی، چیف سیکریٹری نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر تمام متعلقہ امور کی نگرانی کے موثر نظام پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام تک نچلی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات پہنچ سکیں اور انہیں صحت، تعلیم اور آبنوشی کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔