نئے سال کی آمدکے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے کارروائی کی جائیگی

  • December 28, 2018, 12:20 am
  • National News
  • 104 Views

کوئٹہ(این این آئی)نئے سال کی آمد کے موقع پر شہریوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی روک تھام سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے جمعرات کو قبائلی رہنما حاجی نصیب اللہ احمدزئی کی قیادت میں شہریوں اور پولیس کے تعاون سے سریاب روڈ پر ایک ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پرہوائی فائرنگ کی روک تھام سے متعلق نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء سے قبائلی رہنما حاجی نصیب اللہ احمدزئی ،ایس ایچ او سریاب مٹھا خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر شہریوں کی جانب سے کی جانے والی ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر ہر سال متعدد افراد اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے شہریوں میں شعور و آگاہی مہم چلارہی ہے تاکہ ہوائی فائرنگ کو روکا اور قیمتی جانوں کو ضیاع ہونے سے بچایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ شہری نئے سال کی آمد کی خوشی ضرور منائیں لیکن ہوائی فائرنگ کرکے عوام کے جان و مال سے نہ کھیلیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کی آمدکے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے انکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی والدین بھی اپنے بچوں کو ہوائی فائرنگ کرنے سے سختی سے منع کریں تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہوسکے۔