عوام دشمن طرز حکمرانی نے اپوزیشن کو متحدہونے پر مجبور کردیا ، پشتونخوامیپ

  • December 26, 2018, 11:24 pm
  • National News
  • 92 Views

کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی ایگزیکٹو اور ضلعی کمیٹی کے الگ الگ اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری خوشحال خان کاسی ، ضلعی ایگزیکٹو ز اور ضلعی کمیٹی کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور پی بی26کوئٹہ IIIکے ضمنی انتخابات کے تیاریوں کے سلسلے میں اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کی کامیابی کے حوالے انتخابی اجلاسوں ، کارنر میٹنگوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں حلقہ پی بی26میں پارٹی کے تمام کارکنوں ، بہی خواہوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام ،آئین وقانون کی حکمرانی اور موجودہ نا اہل مرکزی وصوبائی حکومتوں کے عوام دشمن فیصلوں ،اقدامات کے خلاف یکجاء ہوکر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کے کامیابی کیلئے 31دسمبر کو تمام ووٹرز پولنگ سٹیشنوں کا رخ کرکے انتخابی نشان ’’کتاب‘‘ پر مہر ثبت کریں۔ اجلاس میں حلقہ پی بی26کے پارٹی کے تمام علاقائی یونٹوں ، ابتدائی یونٹوں کے عہدیداران وممبران کو تاکید کی گئی ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کی کامیابی کیلئے شب وروز محنت کرے اور الیکشن میں کامیابی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ سلیکشن شدہ صوبائی حکومت کے عوام دشمن اقدامات ، فیصلوں وپالیسیوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے مل کر متفقہ امیدوار کھڑا کیا کیونکہ صوبائی حکومت کی نااہل طرز حکمرانی کے باعث ہمارے عوام کو ہر شعبہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حلقے کے تمام عوام بلا امتیاز اپوزیشن کے متفقہ امیدوار مولانا ولی محمد ترابی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بروقت پولنگ سٹیشنوں کا رخ کرتے ہوئے اپنا قومی شناختی کارڈ اپنے ساتھ لے جائیں اور پر امن ومنظم انداز سے اپنا ووٹ مولانا ولی محمد ترابی کے حق میں استعمال کرے۔