ملک کی تعمیر وترقی اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، وزیراعلیٰ جام کمال

  • December 26, 2018, 12:25 am
  • National News
  • 86 Views

زیارت (خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جو یہاں رہنے والوں کے لئے اللہ کا تحفہ ہے جس کی جتنی قدر کی جائے کم ہے، ہم نے اس ملک کا نظام صحیح کرکے دنیا کو بتانا ہے کہ یہ خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اگر ہم خلوص نیت سے کام کریں تو اللہ کی دی ہوئی تمام نعمتوں کو اپنے لوگوں کی بہتری کے لئے بروئے کار لاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر زیارت ریذیڈنسی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کااہتمام صوبائی حکومت اور ایف سی بلوچستان نے کیا تھا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزراء، اراکین قومی اسمبلی، سینٹ وصوبائی اسمبلی، قبائلی عمائدین، زیارت کے عوام اور بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ماضی کا عکس دکھاتا اور بتاتا ہے کہ پاکستان کیسے بنا، ہم آج کا دن جوش وجذبے کے ساتھ مناتے ہیں کیونکہ بابائے قوم نے ہمارے لئے یہ ملک بناکر ہم پر احسان کیا، لوگوں کے دلوں میں اپنے قائد کے لئے محبت کا اظہار بھی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت میں گزارے جو یہاں کی مٹی اور لوگوں سے ان کی محبت کا مظہر ہے اور ہم سب کے لئے قابل فخر ہے، انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا چاہئے کہ قائداعظم کے اصولوں کے مطابق ایک متحد قوم کی حیثیت سے اپنے ملک کی تعمیر وترقی اور تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ دور میں اس بات کی بہت زیادہ اہمیت ہے کہ گذشتہ ستر سال کے دوران ملک نے کتنے اتارچڑھاؤ دیکھے، سیکیورٹی فورسز نے کتنی قربانیاں دیں اور سب سے بڑھ کر ہم نے گذشتہ تجربات سے کیا سیکھا، انہوں نے کہا کہ جب تک انسان مختلف تجربات اور مراحل سے نہیں گزرتا اس میں پختگی نہیں آتی لیکن جب وہ حالات کے مطابق آگے بڑھتا ہے تو اسے علامہ اقبال اور قائداعظم کے اس خواب کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے جس کے تحت یہ ملک معرض وجود میں آیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اتارچڑھاؤ آتے رہتے ہیں ، پاکستان ایک عظیم ملک ہے جہاں ایک ایسی قوم رہتی ہے جو بہت خوبصورت ہے، پاکستان میں ہرنسل، ہررنگ اور ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں جن کی وجہ سے یہ ایک گلدستہ کی حیثیت رکھتا ہے، ہمارے لوگوں کے دلوں میں اپنے ملک کے لئے بہت بڑا جذبہ ہے جس میں کبھی کبھی نمی بھی آجاتی ہے لیکن جب وقت آتا ہے تویہ اپنے ملک کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے نہیں ہچکچاتے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم جس بھی حیثیت میں یہاں موجود ہیں وہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ہم نے ملک کا حق ادا کرنا ہے، ہماری ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سچائی اور ارادوں میں پختگی ہونی چاہئے جس سے ہم لوگوں کی زندگی بدل سکیں اور اپنے بچوں، ماؤں اور بہنوں کی امیدوں پر پورا اترسکیں، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی ذہنوں میں اپنی سیاسی قیادت کے حوالے سے سوالات جنم لیتے ہیں، میں اپنے آپ کو صوبے کے حالات کی بہتری کا ذمہ دار سمجھتاہوں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ خلوص نیت کے ساتھ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ذریعہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترا جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک فرد واحد بھی بہت قوت رکھتا ہے اور جب ایسے بہت افراد ملتے ہیں تو ایک قوم بنتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے قائد نے بھی کہا تھا کہ اگر ہم صحیح راستے پر چلیں تو ہر چیلنج سے نمٹ سکتے ہیں، تحریک پاکستان کے دوران اور ملک کے لئے دی گئی قربانیاں ایک سوچ کے لئے تھیں جسے زندہ کھنا اور آگے بڑھانا اب ہماری قومی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں بسنے والی اقلیتیں جو قیام پاکستان سے پہلے بھی آباد تھیں وہ آج بھی پاکستانی ہیں اور انہیں یہاں ہرقسم کی آزادی حاصل ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں خوشیاں بانٹنی چاہئیں، میڈیا بھی اچھائی اور خوبصورتی کو اجاگر کرے اور ان لوگوں کو دکھائے جو ہم سب کے لئے مشعل راہ ہیں، اگر صرف میڈیا پر کمزوریاں ہی دکھائی گئیں تو قوم بھی کمزور ہوگی، انہوں نے کہا کہ آج قائداعظم ریذیڈنسی میں یوم قائد منانا ہمارے لئے باعث عزت اور باعث فخر ہے، وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران اسکولوں کے بچوں کی جانب سے پیش کئے گئے ٹیبلوز اور قومی ترانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچے سچے ہوتے ہیں اور ان کے جذبوں میں بھی سچائی ہوتی ہے، تقریب میں ایف سی اسکول لورالائی اور دیگر اسکولوں کے بچوں کے خوبصورت پروگرام پیش کئے جن میں جذبہ حب الوطنی اور قائداعظم کے فرمودات کا رنگ نمایاں تھا، قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کمانڈر سدرن کمانڈ اور دیگر کے ہمراہ قومی پرچم سربلند کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہوئے انہیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منتقل کررہے ہیں تاکہ نچلی سطح تک عوام کو ترقیات منصوبوں کے ثمرات مل سکیں اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں، بلدیاتی نظام بھی ایسا ہو جس کا فائدہ عوام کو پہنچے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی چیئرمینوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی، صوبائی وزراء انجینئر زمرک خان اچکزئی، ضیاء اللہ لانگو اور رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے وزیراعلیٰ کو اعزازیہ کی مد میں واجبات کی ادائیگی اور غیر ترقیاتی فنڈز کے اجراء سمیت بعض دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ بلدیاتی اداروں کی مدت 28جنوری 2019کو ختم ہوگی تاہم ان مدات میں فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث بلدیاتی اداروں پر مالی بوجھ ہے، وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے لئے قائم کمیٹی میں موجودہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی نمائندگی دینے پر غورکیاجائے گا تاکہ ان کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ مالی اورانتظامی طور پر بااختیار بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل میں کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، بلدیاتی نظام جتنا مضبوط ہوگا عوام کو اتنا ہی فائدہ مند ہوگا۔