احتساب کے نام پر انتقام قابل قبول نہیں ،نیشنل پارٹی

  • December 26, 2018, 12:23 am
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے احتساب کے نام پر انتقام قابل قبول نہیں احتسابی عمل پر عوام کا اعتماد نہیں رہا احتسابی عمل کو شفاف اور سیاست سے پاک ہونا چاہئے سیاسی قیادت کے خلاف ہونے والے اقدامات سے جمہوریت کمزور اور پارلیمنٹ بے توقیر ہوگی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔جان محمد بلیدی نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں بلوچستان کو ایک بار پھر سماج دشمن عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے چوری،ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن گیا ہے ائے روز دن دیہاڑے لوگوں کو شہروں اور بازاروں کے اندر نشانہ بناکر قتل کیا جارہا ہے ڈاکٹر،وکلاء سمیت کوئی طبقہ فکر بھی محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے احتساب کے نام پر کب تک سیاسی دکانداری کرتے رہیں گے جبکہ معیشت کی حالت روز بروز خراب ہوتی جارہی ہے مہنگائی و بے روزگاری کا طوفان کھڑا ہوگیا ہے روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بے حرمتی کوئی نئی بات نہیں ۔انہو ں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے اختتام کے بعد مہنگائی کا آنے والا طوفان عوام کو جینے کے حق سے بھی محروم کردے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جس طرح چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ایسا نہیں چلے گا سیاسی قیادت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ بند کرکے احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حقیقی قومی معاشی مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے جو ڈرامے شروع کئے گئے ہیں وہ زیادہ دیر تک چلنے والے نہیں لیکن اس سے سیاسی ماحول ضرور خراب ہوگا جس کے اثرات پارلیمنٹ اور جمہوریت پر منفی پڑیں گے۔