قائمقام ،گورنراوروزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

  • December 25, 2018, 12:33 am
  • National News
  • 88 Views

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں قائمقام گورنر اوروزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منایا جانے والا یہ دن مسلمانوں کے لئے بھی مبارک ہے اور مسلمان بھی مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہیں، انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کو دہشت گردی اور امن وامان کی صورت میں درپیش سنگین خطرات سے نمٹنے کے لئے حضرت عیسیٰ ؑ کے امن وسلامتی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے، قائمقام ،گورنر اوروزیراعلیٰ نے کہا کہ مسیحی برادری ملک وقوم کی تعمیر وترقی کے لئے اپنی تمامتر صلاحیتیں بروئے کار لارہی ہے اس حوالے سے ان کا کردار قابل تحسین ہے، حکومت مسیحی برادری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنارہی ہے، ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اور مسیحی برادری سمیت ملک اور بلوچستان میں بسنے والی دیگر تمام اقلیتوں کو اپنی مذہبی عبادات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے جس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی خوشیوں میں ان افراد کو بھی شریک رکھیں جو کرسمس منانے کی استطاعت نہیں رکھتے اور اپنی عبادات میں ملک وقوم کے استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔گورنر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی ہے اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ ملک وقوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی حب الوطنی کے جذبے سے وطن عزیزکی خدمت کرتے رہیں گے ۔گورنر نے ان کی خوشحالی کی دعاکی۔