پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق تمام اقوام کے مساوی ہیں، ظہوری بلیدی

  • December 25, 2018, 12:32 am
  • National News
  • 82 Views

کوئٹہ (خ ن )صوبائی وزیر اطلا عا ت و ہا ئیر ایجو کیشن ظہور احمد بلیدی نے کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ کرسمس کا تہوار نہ صرف حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے جشن ولادت کا دن ہے بلکہ یہ دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، امن اور برداشت پر مبنی تعلیمات کو عام کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے قابل فخر شہری ہیں آئین کے تحت تمام اقلیتیں پاکستان کے مساوی شہری ہیں اور انہیں تمام حقوق حاصل ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک وصوبے کی اقتصادی ومعاشرتی ترقی میں مسیحی برادری کا بڑا کردار ہے، مسیحی برادری کی مثبت کاوشیں ملکی ترقی کیلئے ہمیشہ کارآمدثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25دسمبر بانی پاکستان محمد علی جناح کا یوم ولادت بھی ہے اورقائداعظم کا یوم پیدائش ہمیں ایمان، تنظیم اور اتحاد کی تعلیم دیتا ہے جو آج بھی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے بھی ہمیں یہی درس دیا ہے کہ تمام پاکستانی برابر کے شہری ہیں اور ان کو اپنی عبادت گاہوں میں مذہبی فرائض ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانیوں میں کوئی تفریق نہیں ہے ہمارے ملک و صوبے میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی ایک خوبصورت گلدستے کی طرح ہیں اور جو اپنے اپنے شعبوں میں وطن کی خدمت کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے اہل ثروت افرادسے کہاکہ وہ کرسمس کی خوشیوں میں غریب ونادارافرادکوبھی یادرکھیں تاکہ وہ بھی کرسمس کی خوشیاں مناسکیں۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کرسمس کے موقع پر اپنی عبادات میں ملک و صوبے میں قیام امن، سلامتی واستحکام اورترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔