اتحاد، تنظیم اوریقین محکم پاکستان کو ایک مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں،قائم مقام ،گورنر ،وزیراعلیٰ

  • December 25, 2018, 12:31 am
  • National News
  • 106 Views

کوئٹہ (خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان قائمقام اور گورنر نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصول اتحاد، تنظیم اوریقین محکم پاکستان کو ایک مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، ان اصولوں پر عملدرآمد کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، بابائے قوم کے تصور کے مطابق پاکستان میں رواداری، روشن خیالی اور جمہوریت کو فروغ دے کر ہی ہم ا نہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا حق ادا کرسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم محمد جناح کے یوم پیدائش پر اپنے ایک پیغام میں کیا ہے گورنر اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج وطن عزیز کو جن چیلنجوں کا سامناہے ان سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھیں اور بابائے قوم کے زریں اصولوں کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روایتی دشمن نے ہمارے وطن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں، تاہم پوری قوم اتحاد واتفاق کے ذریعہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے آباواجداد نے بیش بہا قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے خصوصی محبت تھی، قیام پاکستان کے بعد بلوچستان کی ریاستوں کی پاکستان میں شمولیت ان کی دیرینہ خواہش تھی جس کے لئے وہ خود بلوچستان تشریف لائے اور یہاں کے اکابرین سے کامیاب ملاقاتیں کیں جن کے نتیجے میں یہ ریاستیں اپنی مرضی اورخواہش کے مطابق پاکستان کا مضبوط حصہ بن گئیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت میں گزارے جو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے ان کی انسیت کا مظہر ہے، وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اورقائداعظم کے تصور کے مطابق ایک مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔ قائمقام گورنر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے قائد اعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ25 دسمبر کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ دن اس عظیم شخصیت کا یومِ پیدائش ہے. جس نے انھیں ایک غیر قوم کی غلامی سے نجات دلائی. اور ان کے لیے ایک آزاد ملک حاصل کیا. انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لیں گے. اور اس کا تحفظ کریں گے. انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ آج بلوچستان میں ایک منتخب عوام دوست مخلوط حکومت قائم ہے.جو صوبے کے حقیقی نمائندوں پر مشتمل ہے. یہ حکومت امن وامان کے قیام لوگوں کی بنیادی مسائل کے حل اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے خلوص نیت سے کام کر رہی ہے.