امن و امان کی صورتحال میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،میرعارف محمد حسنی

  • December 25, 2018, 12:30 am
  • National News
  • 69 Views

کوئٹہ (خ ن)صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری ، جرائم کی روک تھام اور سماجی تحفظ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری میں جہاں مختلف سیکیورٹی اداروں کی محنت و کوششیں شامل ہیں وہیں محکمہ پولیس کی خدمات اور قربانیوں سے کوئی انحراف نہیں کرسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزا پنے دفتر میں ایڈیشنل آئی جی پولیس چوہدری منظور اور اے آئی جی پولیس سہیل شیخ سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور محکمے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ پولیس کی کار کردگی میں مزید اضافہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس و دیگر سیکیورٹی اداروں نے لازوال قر بانیاں دے کر جس جوانمردی سے دہشت گردعناصر کا مقابلہ کرکے اس دھرتی کیلئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہم ان کی اس عظیم قربانی کوسلام پیش کرتے ہوئے انہیں تاحیات یاد رکھیں گے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے صوبائی وزیر کو محکمہ پولیس کی جانب سے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ جبکہ درپیش مالی مسائل بھی زیر بحث آئے اس موقع پر جبکہ صوبائی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ محکمہ کو درپیش مالی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔