بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26پر ضمنی انتخاب31دسمبر کو ہوگا

  • December 22, 2018, 12:50 am
  • National News
  • 98 Views

کوئٹہ (این این آئی) صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26پر ضمنی انتخاب31دسمبر کو ہوگا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ،حلقہ کے تمام 49پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دئیے گئے ہیں ، غیر ملکیوں کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے نادرا کے ساتھ ملکر کام جاری ہے ، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستانی شہریت رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کریں ،کسی کو بھی الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کر نے کی اجازت نہیں دی جائیگی ،سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب 14جنوری کو ہو گا یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں حلقہ پی بی 26سے کامیاب ہونے والے امیدوار کے غیر ملکی ہونے پر انہیں عدالت نے نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد حلقے میں ضمنی انتخاب 31دسمبر کو ہوگا انتخاب کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ،حلقے میں کل 49پولنگ اسٹیشنز ہیں جنہیں حساس قرار دیا گیا ہے ان پولنگ اسٹیشنز میں مردوں کے 28جبکہ خواتین کے 19اور 2مشترکہ پولنگ ہیں ،حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 57ہزار 6سو75ہے جن میں سے 35ہزار 338مرد جبکہ 22ہزار 337خواتین شامل ہیں ضمنی انتخاب میں 49پریزائیڈنگ افسران ،172اسسٹنٹ پریز ائیڈنگ افسر ،172پولنگ افسر تعینات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لئے چیف سیکرٹری کو خط ارسال کیا گیا ہے امید ہے انکی جانب سے تعاون کیا جائیگا ،ایک سوال کے جواب میں صوبائی الیکشن کمشنر کا کہناتھا کہ انتخابی عمل میں غیر ملکی امیدواروں کو روکنے کے لئے نادرا کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ کسی غلط امیدوار کو ٹکٹ جاری نہ کریں ہم امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال میں بھی خصوصی احتیاط برت رہے ہیں امید ہے مستقبل میں ایسا کچھ نہیں ہوگا ،انہوں نے بتایا کہ حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے ساتھ سکیورٹی فورسز کی نفری بھی حفاظتی امور سرانجام دے گی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں فارم 45کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ امیدوار یا انکے حامیوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی قانونی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی ،الیکشن کمیشن نے پولیس، سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر حکمت عملی ترتیب دی ہے جسے نافذ عمل بنایا جائیگا ، صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم موسیٰ خیل کی وفات کے بعد سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب 14جنوری کو ہوگا جبکہ کاغذات کی وصولی کا سلسلہ 26دسمبر سے شروع ہوگا ۔