بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ایک اور ڈرون حملہ ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

  • December 22, 2018, 12:50 am
  • National News
  • 113 Views

کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیرمولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ایک اور ڈرون حملہ اور آئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل کرناہے حکمرانوں نے قومی سطح پر نہ سادگی کورواج دیا اور نہ بلاتفریق کرپشن ختم کرنے کی سنجیدہ کوشش کی اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے والااحتساب کا نظام قائم کیا بلوچستان کو ناخواندگی وکرپشن نے تباہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شراب پر پابندی کا بل پیش ہونے پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرنے والے پاکستان کی اسمبلی میں بیٹھنے کے اہل نہیں ۔ ان لوگوں نے نہ صرف آئین پاکستان سے انحراف کیا بلکہ اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات سے بھی روگردانی کی ۔ چیف جسٹس کو ان کے خلاف آئین کی دفعہ 62-63 کی روشنی میں سوموٹو ایکشن لینا چاہیے ۔ باہم دست و گریبان رہنے والی پارٹیاں شراب اور توہین رسالت ﷺ کی مجرم آسیہ مسیح کے حق میں اکٹھی ہو جاتی ہیں ۔ سیاسی جماعتیں پارٹیاں نہیں پراپرٹیاں ہیں جن کا کوئی نظریہ نہیں ۔ ڈرنے اور دبنے والی سیاسی قیادت نے قوم کی عزت اور غیرت کو نیلام کیا ۔ جماعت اسلامی نے ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور قانون کی حکمرانی کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے ۔ ملک میں عدل وانصاف کا خاص نظام نہیں عدل وانصاف مہنگائی ومشکل ہوگیا ہے عدالتوں میں سالوں مقدمات چلتے ہیں مگر انصاف نہیں ملتی۔ عدالتوں سے انصاف ملنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں ۔ عوام تھانے اوربدعنوان عناصر کے ستائے ہوئے ہیں ۔ ہر شہری خود کو غیر محفوظ سمجھ رہاہے ۔ انصاف کے شکنجے میں اشرافیہ کو بھی لانا ہوگا تمام سیاستدانوں سمیت ہر طبقہ فکر کا احتساب کرکے قومی دولت برآمد کرکے عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کیا جائے جماعت اسلامی نے پہلے بھی کرپشن کے خلاف تحریک چلائی آئندہ بھی بدعنوان عناصر کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے ۔