یمن کیخلاف سعودی عرب کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ

  • December 22, 2018, 12:50 am
  • National News
  • 98 Views

اسلام آباد+کوئٹہ (ویب ڈیسک)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ یمن میں قانونی (Legitimate)حکومت کی بحالی کے لئے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم کیے گئے فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز السعود نے متحدہ فورسز سے متعلق سینیٹ کے وفد کو بریفنگ دی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے یمن سے متعلق فوجی اتحاد کے سربراہ کا وفد کے استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت دہشت گردی سمیت کئی ایک مسائل کا سامنا ہے۔سعودی عرب کو کئی مرتبہ دہشت گردی کی اندرونی اور بیرونی کاروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں یمنی ہوتی باغیوں کی کاروائیاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گرد سرگرمیوں کی مذمت کی ہے ۔پاکستان اس مسئلے کے حل کے لئے سعودی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یمن میں امن اور قانونی حکومت کی بحالی کے لئے شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔ پاکستان یمن میں امن کی غیر مشروط بحالی اور قابض باغی فوجوں کی واپسی کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔اتحادی فوج کی یمن میں امن اور قانونی حکومت کی بحالی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی نے بتایا کہ اتحادی فوج کو امن کی کوششوں اور باغیوں کے انخلا میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔ بعدا زاں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ریاض سے مدینہ منورہ پہنچ گئے ۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر شوری کونسل اور گورنر آفس مدینہ کے سینئر حکام نے چیئرمین سینیٹ اور وفد کے ارکان کا استقبال کیا ۔چیئرمین سینیٹ اور وفد کے ارکان نے نماز فجر مسجد نبویؓ میں ادا کی اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی ۔ چیئرمین سینیٹ جمعتہ المبارک مسجد نبویؓ میں ادا کرنے کے بعد آج عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے ۔