حبکو کی جانب سے ڈیم فنڈ اور متاثرین سانحہ مستونگ کیلئے عطیہ کے چیک

  • December 20, 2018, 11:25 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ (خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو حبکو پاور کمپنی کی جانب سے سپریم کورٹ اور وزیراعظم دیامیر بھاشا ڈیم کے قائم فنڈ کے لئے 777369 روپے اور سانحہ درینگڑھ مستونگ کے متاثرین کے لئے 777369 روپے کے امدادی رقوم کے چیک دیئے گئے، کمپنی کے سینئر منیجر پبلک افیئرز اور سی ایس آر سید حسن ریاض بخاری نے چیک وزیراعلیٰ کو پیش کئے، انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے ملازمین کی جانب سے اپنی تنخواہوں سے یہ عطیات جمع کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ نے حبکو کے ملازمین کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیم فنڈ کے لئے عطیات کی فراہمی ایک قومی فریضہ ہے جبکہ ملازمین نے سانحہ درینگڑھ کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ جس جذبہ خیرسگالی کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش ہے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر حبکو میں بلوچستان کے گریجویٹس کے لئے انٹرن شپ کے مواقعوں کی فراہمی پر زور دیا۔ کمپنی کے سینئر منیجر نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ حبکو انتظامیہ اس حوالے سے اقدامات کرے گی، انہوں نے بتایا کہ حبکو ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر حب کو فعال بنانے کے لئے بھی وسائل فراہم کرے گی اور ہنر فاؤنڈیشن کے ذریعہ صوبائی محکمہ محنت کے اشتراک سے سینٹر میں مختلف ٹریڈ میں تربیت کا اہتمام کرکے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو سی ایس آر کے تحت ضلع لسبیلہ میں سماجی شعبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزراء نوابزادہ طارق مگسی اور میر محمد عارف محمد حسنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔