فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ،گورنر

  • December 20, 2018, 12:26 am
  • National News
  • 94 Views

کوئٹہ (خ ن) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔ پاکستان کی صنعتی ترقی سے ہی ہم معاشی مسائل ، بیروزگاری اور غربت پر قابو پا سکتے ہیں۔ موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق تکنیکی تعلیم اور فنی مہارت و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ نوجوان طبقہ کو جدید مہارتیں سکھا کر ہی ہم اپنے ملک کو ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم پاکستان یوتھ سکل ڈویلپمنٹ کی مناسبت سے نیوٹک کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کے مابین صوبائی سطح پر مقابلہ جات اور تقسیم انعامات کے سلسلے میں منعقدہوئی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیو ٹک اسلام آباد محمد معسود اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستا ن نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نیوٹک نہ صرف ملک کے شہری علاقوں کے نوجوانوں کو تربیت دیتا ہے بلکہ دیہی اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کی خاص طور پر حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ ان علاقوں کے نوجوانوں کو مفت فنی تعلیم و تربیت کے علاوہ ماہانہ وظیفہ ، ہاسٹل کی سہولت اور مفت کھانا فراہم کرنا لائق تحسین ہے۔ گورنر بلوچستا ن نے کہا کہ جو لوگ جدید مہارتیں سیکھتے ہیں وہ کسی کے اپنی عملی زندگی میں محتاج نہیں ہوتے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان ہنر مند لڑکوں اور لڑکیوں کے گھروں میں اب خوشحالی آئیگی اور مجموعی طور پر قومی معیشت پر ان کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک و صوبے سے بیروزگاری اور غربت کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئے گی گورنر نے کہا کہ فنی تعلیم ہی ترقی کا قابل اعتماد وسیلہ اور ملکی خوشحالی کا ضامن ہے اور ان جدید مہارتوں کے بل بوتے پر سی پیک اور اس جیسے دیگر اہم منصوبوں میں ہی ہنر یافتہ افراد بڑھ چڑھ کر حصہ لینگے۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہنر مندوں میں انعامات تقسیم کیے۔