کارکن حلقہ 26کے انتخابات میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کو ووٹ دیں ، پشتونخوامیپ

  • December 18, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 99 Views

کوئٹہ(این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی26کوئٹہ IIIسے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا ولی محمد ترابی کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر کوششیں کرنے اور عوام تک رسائی اس حلقے میں پارٹی کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کاقومی فرض اور پارٹی نظم وضبط کے مطابق ذمہ داری ہے ۔ لہٰذا پارٹی کے عہدیدار اور کارکن سیاسی جمہوری جدوجہد کوتقویت دینے کیلئے اپوزیشن کے امیدوار کی کامیابی کیلئے اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حلقہ پی بی26کوئٹہ IIIکے آرگنائزر یوسف خان کاکڑ ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری ڈپٹی آرگنائزر رحمت اللہ صابر اور پشتون باغ کے علاقائی سیکرٹری ولی جان اچکزئی ، سینئر معاون ادریس خان ، پشتون باغ دوئم کے سیکرٹری نعیم خان پیر علیزئی، سینئر معاون صابر خان تاجک اور کونسلر خالد پیر علیزئی نے مختلف یونٹوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد واتفاق اور سیاسی جمہوری جدوجہد اور جمہوری طرز عمل حلقے کے عوام کے مسائل حل کرنے اور مشکلات میں کمی کا باعث ہوگی ۔ کیونکہ نمائندہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مشترکہ امیدوار کی بھرپور حمایت قابل تحسین ہے ۔اور ایسے سیاسی جمہوری جدوجہد سے مزید مثبت سیاسی اور جمہوری اقدار کو تقویت حاصل ہوگی۔ لہٰذا تمام سیاسی ، جمہوری وطن دوست ،عوام دوست پارٹیوں کے عہدیدار اور کارکن اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کی کامیابی کیلئے جدوجہد تیز کرے اور اپنے قومی فرض کی ادائیگی کیلئے فعال کردار ادا کرے اور ساتھ ہی پارٹی کے عہدیدار اور کارکن انتخابی مہم کو آگے بڑھانے اور غیور عوام کے ساتھ رابطے کرنے کے کام کو مزید منظم فعال اور وسیع بناتے ہوئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر کوششیں تیز کرے ۔