ایوان میں اپوزیشن کا وجود جمہوریت کا حسن ہے ،جام کمال

  • December 17, 2018, 12:01 am
  • National News
  • 87 Views

کوئٹہ(خ ن ) قائد ایوان وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعیت علماء اسلام کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کو صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کو متفقہ طور پر قائد حزب اختلاف منتخب کرکے سیاسی بصیرت کا مظاہر ہ کیاہے، ملک سکندر ایڈووکیٹ ایک تجربہ کار ، سینئر سیاستدان اور پارلیمنٹیرین ہیں جنہوں نے بحیثیت اسپیکر صوبائی اسمبلی بھی خدمات سرانجام دیں اور ایوان کو احسن طریقے سے چلایا اور وہ پارلیمانی روایات سے بھی بخوبی آگاہ ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن کا وجود جمہوریت کا حسن ہے، اور ایک مضبوط اپوزیشن کی موجودگی جمہوریت کے لئے ہمیشہ تقویت کا باعث ہوتی ہے،ا نہوں نے کہا کہ حکومت جمہوری تقاضوں کو اہمیت دیتے ہوئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے اور ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ قانون سازی کے عمل اور اہم صوبائی امور پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مثبت فیصلے کئے جائیں، ہمیں یقین ہے کہ بحیثیت اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ جمہوریت کی مضبوطی، ایوان کے تقدس اور پارلیمانی روایات کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اور اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔