بلوچستان کا پارلیمانی وفد وفاقی وزیر خسروبختیار کی سربراہی میں بیجنگ روانہ

  • December 17, 2018, 11:58 pm
  • National News
  • 98 Views

کوئٹہ(این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات مخدوم خسرو بختیار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد بیجنگ روانہ ہوگیا۔پاکستانی وفد آٹھویں جوائنٹ کو آرڈینیشن کمیٹی برائے سی پیک کے 20دسمبر کو ہو نے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریگا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علیٰ شاہ ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن وفد میں شامل ہیں جبکہ بلوچستان سے صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کی جانب سے بلوچستان کی جے سی سی اجلاس میں نمائندگی کریں گے۔گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی ، سیکریٹری پی اینڈ ڈی محمد علی کاکڑ ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میں سی پیک یونٹ کے سربراہ حفیظ جمالی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی صوبائی وزیر اطلاعات کے ہمراہ ہیں ۔ جے سی سی اجلاس کے دوران سی پیک کے مختلف منصوبوں کی اپ گریڈیشن سمیت نئے انٹر نیشنل گوادر ایئر پورٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین اسپیشل اکنامک زون کے قیام اورصنعتی عمل کو مزید تیز کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے ۔ بلوچستان کی جانب سے مغربی روٹ پر سڑکوں کے منصوبوں اور ڈیموں کی تعمیر سمیت لائیو اسٹاک ، زراعت ، ماہی گیری اور معدنیات کے شعبوں کی ترقی کے منصوبوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا بلوچستان سی پیک کو معاشی اور اقتصادی ترقی کا عظیم منصوبہ تصور کرتا ہے اور اس کی تکمیل کا خواہش مند ہے جے سی سی اجلاس میں بلوچستان کا وفد ان منصوبوں میں بلوچستان کو اس کا بھر پور حصہ دلانے کیلئے اپنا مدلل موقف پیش کریگا ۔جے سی سی اجلاس کے اختتام پر دونوں اطراف سے جے سی سی اجلاس کے دوران طے پانے والے ورکنگ گروپوں کے مابین پیش کی گئی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔