نجی تعلیمی ادارے ناخواندگی کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں ، گورنر

  • December 17, 2018, 11:57 pm
  • National News
  • 92 Views

کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے اکیلے ناخواندگی سے نمٹنا مشکل ہے لہٰذا ضروری ہے کہ نجی تعلیمی ادارے بھی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کی اخلاقی تربیت میں قابل اور فرض شناس اساتذہ کا کردار اہم ہے ۔ طلباء کیلئے ضروری ہے کہ وہ نصابی تعلیم کے ساتھ دیگرا ہم نصابی سر گرمیوں پر بھی اپنی توجہ مرکوزرکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقراء ریزیڈنشل اسکول و کالج میں سالانہ اعزازات کی تقسیم کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معصوم ایجو کیشنل کمپلیکس کے بانی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی ( ستارہ امتیاز ) ریکٹر انٹر نیشنل اسلام یونیورسٹی اسلام آباد ، ماہرین تعلیم ، اساتذہ کرام ، والدین اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ اقراء ریذیڈنشل اسکول وکالج نے نہایت ہی قلیل مدت میں شاندار سفرطے کیا ۔ آج اس ادارے سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات ملک و صوبے کے معیاری تعلیمی اداروں تک پہنچے ہیں جو صوبے بھر کے عوام کیلئے فخر و اعزاز کی بات ہے ۔ گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب معصوم ایجوکیشنل کمپلیکس بہت جلد یونیورسٹی کا درجہ حاصل کریگا ۔ گورنر نے کہا کہ یہ بات قابل مسترت ہے کہ یہ ادارہ صوبے کے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ذہین بچوں کو تعلیم یافتہ ، مہذب اور باشعور نوجوان بنانے میں شب و روز کوشاں ہے گورنر بلوچستان نے کہا کہ مذکورہ ادارے نے اپنے طلباء و طالبات میں حب الوطنی کا جذبہ ابھارہ ہے جو لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کا اسلام آباد میں یونیورسٹی کیلئے تیسری مرتبہ وائس چانسلر اور ریکٹر کا انتخاب یقیناًایک اعزاز ہے ۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی اور سر خروئی میں والدین کا بھی بڑا کردار ہے ۔ آخر میں گورنر نے اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات اور منتظمین میں انعامات اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ قبل ازیں معصوم ایجوکیشنل کمپلیکس کے بانی اور اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم خان یاسین زئی نے زیر تعلیم طلباء کا حوصلہ بڑھا نے اور ادارے کی کار کردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ عدل و انصاف معاشرے کے استحکام کے بنیادی اجزاء ہیں۔ عوام میں اپنے حقوق کی پاسداری کا اجتماعی شعور اجا گر کرنے میں یونیورسٹی آف لاء کالج کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے پرنسپل لاء کالج کو ہدایت کی کہ وہ نئے ابھر نے والے وکلاء کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ حقوق کی پاسداری کی راہ ہموار ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سو موار کے روز گورنر ہاؤ س کوئٹہ میں پرنسپل یونیورسٹی آف لاء کالج کوئٹہ عمر گل کاکڑ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ پرنسپل نے گورنر بلوچستان کو ادارے کی کار کردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جس پر گورنر نے اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں اپنے کار کردگی مزید بہتر بنانے اور اساتذہ کے استعداد کا ر بڑھانے کی ہدایت کی۔