جنوبی پشتونخواء کے قحط متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں، پشتونخوامیپ

  • December 17, 2018, 11:56 pm
  • National News
  • 67 Views

کوئٹہ(پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں صوبے کے تمام اضلاع بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے اکثر اضلاع اور علاقوں میں تباہ کن قحط اور خشک سالی نے تمام عوام ، زمینداروں ، مالداروں کو شدید طور پر متاثر کیاہے ۔ جس کی وجہ سے تمام علاقوں میں خوراک کی کمی المناک صورتحال اختیار کرچکی ہے مگر صوبے میں قائم چھ جماعتی نا اہل حکومت کے طرز عمل اور صرف چند اضلاع کو قحط زدہ قرار دینے اور جنوبی پشتونخوا کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کی ناروا اور پشتون دشمن پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری اور ہنگامی بنیادوں پر جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کے عوام ، زمینداروں اور مالداروں کیلئے انسانی زندگی کی بنیادی اشیاء ضرورت کا بندوبست کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب سے موجودہ صوبائی حکومت اور اس میں شامل پارٹیاں برسر اقتدار آئی ہیں مسلسل پشتون عوام کے خلاف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ حالانکہ تمام صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوامیں قحط اور خشک سالی کی ایسی صورتحال ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ کوئٹہ ڈویژن ، ژوب ڈویژن ، سبی ڈویژن کے اضلاع میں بارشوں کا نام ونشان نہیں ،پینے کا صاف پانی نا پید ہوچکا ہے ،زمینداروں اور مالداروں کو کروڑوں اربوں روپے کا نقصان ہوچکاہے ، پھل ومیوے سے بھرے درختوں کے خشک ہونے ، درختوں کی کٹائی ، مالداری (مال مویشوں) کی ہلاکتوں کی صورتحال خطرناک حد تک جاپہنچی ہے۔اور باغات اب بنجر زمنیوں کا منظر پیش کررہے ہیں ، پانی کی قلت اور خوراک کی عدم دستیابی نے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کیا ہے مگر وفاقی اور نہ ہی صوبائی حکومت نے اس حوالے سے کوئی اقدام اٹھایا ہے بلکہ صوبائی حکومت یکطرفہ طورپر اقدامات کررہی ہے اور تمام پشتون اضلاع کو انہوں نے یکسر نظر انداز کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کا رویہ بھی ناقابل برداشت ہے ۔ بیان میں بین الاقوامی اداروں ، ڈونر ایجنسیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جنوبی پشتونخوا کے قحط کی صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر عوام کی بحالی اور زمینداروں ، مالداروں کیلئے اشیاء خوردونوش اور دیگر اشیاء ضرورت مہیا کرے۔