پی بی 26،ن لیگ نے جمعیت کے امیدوار کی حمایت کردی

  • December 16, 2018, 11:04 pm
  • National News
  • 95 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کا حلقہ پی بی 26 میں جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا ولی ترابی کی حمایت کا اعلان،ہمارے کارکنان جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کیساتھ گھرگھرجاکر ووٹ کی اپیل کریں گے۔یہ بات جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ،مسلم لیگ (ن) صوبائی جنرل سیکرٹری سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی حاجی جمال شاہ کاکڑ نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر حلقہ پی بی 26سے نامزد امیدوارمولانا ولی محمد تربی،حاجی حسن شیرانی،عبدالواحد آغا،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنمامحمد یونس بلوچ،نسیم الرحمن ملاخیل، میر گوہر خان مینگل ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ کاکہناتھا کہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی ،ملک کی استحکام اور غیر جمہوری قوتوں کیخلاف متحد ہو کر کردار ادا کیا ہے، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی26پر پارٹی کاکوئی امیدوار نہیں ہے، صوبائی کابینہ کا اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے امیدوار کی حمایت کافیصلہ کیا ،پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنان جمعیت کے ورکروں کیساتھ مل کر گھرگھر جاکر انتخابی مہم چلائیں گے،کامیابی ہماری ہوگی۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے مولانا ولی محمد ترابی کی حمایت کااعلان کرنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ70سالوں سے ملک میں جمہوریت کی بحالی،ملکی استحکام اور غیر جمہوری قوتوں کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں ، ہر دور میں غیر جمہوری قوتوں کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی ،ہم بھی یکساں احتساب چاہتے ہیں ایک بار پھر احتساب کے نام پر جمہوری قوتوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے جو کہ درست نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارایہ اتحاد آنے والے بلدیاتی انتخابات تک جاری رہے گا، مسلم لیگ (ن) ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،اس ضمن میں جبکہ بی این پی مینگل سے بھی رابطے جاری ہیں بہت جلد وہ بھی ہمارے امیدوار کی حمایت کرینگے۔