سانحہ اے پی ایس میں بچھڑجانیوالوں کی یاد دلوں میں رہے گی ، نصیب مری

  • December 16, 2018, 11:03 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ 16دسمبر کا دن ہمیں اس سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہے گی۔ صوبائی وزیر صحت نے اے پی ایس کے معصوم شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ غمزدہ والدین سے دِلی ہمدردی کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم معصوم شہداء کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وہ قیمت ادا کی جس کا کوئی تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔ تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جس کی بدولت ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مستقل طور پر شکست دے سکتے ہیں۔میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے اُن ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔