جمعیت دینی مدارس کی محافظ ہے ، مجلس عمل

  • December 16, 2018, 11:02 pm
  • National News
  • 62 Views

قلعہ سیف اللہ(پ ر) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدراوررکن بلوچستان اسمبلی مولانانوراللہ نے مدرسہ اقراء ابلاغ القران میں سالانہ نتائج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی مدارس کاتحفظ جمعیت کی مرہون منت ہے،حکومت کے منفی عزائم کے خلاف جمعیت کی قیادت میں ڈٹ کرمقابلہ کررہی ہے،مہنگائی اورٹیکس نے عوام کی کمرتوڑدی، سگریٹ پینا مضر صحت ہے،حکومت کا گناہ ٹیکس سمجھ سے بالاترہے،حکومت نے بغیر سوچے سمجھے گناہ ٹیکس کا اعلان کیاہے جو دراصل شراب، زنا ، منشیات اور دیگر ممنوعات اسلام کو گناہ ٹیکس کی آڑ میں قانونی تحفظ دینا چاہتی ہے،انہوں نے کہا کہ شریعت میں گناہان کبیرہ کی فہرست ہے جو ٹیکس دینے سے جائز قرارنہیں دیے جاسکتے اور نہ ہی حکومت کو اسلامی احکامات میں مداخلت کی اجازت ہے،انہوں نے کہا کہ شراب تمام مذاہب عالم اسلام، مسیحیت، یہودیت، ہندوازم ، اورسکھ ازم میں بھی حرام ہے، باعث شر م ہے کہ ہندو رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی شراب پر پابندی کے بل کی مسلمان ارکان پارلیمنٹ نے مخالفت کی، پاکستان میں شراب نوشی کی جاتی ہے اور غیر مسلم کے نا م پر مسلمان ہی پیتے ہیں مگر خریدنے والے اقلیتی لوگ ہوتے ہیں جوکہ ہمارے لئے باعث شرم ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت گناہ ٹیکس کا فیصلہ واپس لے کیونکہ حکومت غیر اسلامی مشاغل سے معیشت چلانا چاہتی ہے جو کہ قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔