مبین خان خلجی کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائرانتخابی عذرداری پرفیصلہ محفوظ کرلیا

  • December 14, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 177 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے رکن صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی کے حلقہ انتخاب سے متعلق دائرانتخابی اپیل پرفیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ حلقہ پی بی 48کیچ سے متعلق دائر انتخابی عذرداری کی سماعت کے دوران ریٹرننگ آفیسر کی عدم پیشی پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔گزشتہ روز جسٹس عبداللہ بلوچ پرمشتمل الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی کے حلقہ انتخاب سے متعلق طاہر محمود کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی جس کے دوران فریقین کے وکلاء اور نمائندہ الیکشن کمیشن پیش ہوئے سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن ٹریبونل نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 28کوئٹہ Vسے متعلق دائرانتخابی عذرداری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔دوسری جانب الیکشن ٹریبونل کے روبرو رکن اسمبلی اکبر آسکانی کی کامیابی کے خلاف اصغر آسکانی کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران فریقین کے وکلا، نمائندہ الیکشن کمیشن الیکشن پیش ہوئے ،ٹریبونل نے حلقے کے ریٹرننگ افسر کی عدم پیشی پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات صادر کردئیے بعدازاں ٹریبونل نے رکن اسمبلی اکبر آسکانی کی کامیابی کیخلاف دائرانتخابی عذرداری کی سماعت 17 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔