صوبائی حکومت بلوچستان کو پھر اندھیرے میں دھکیل رہی ہے ، نیشنل پارٹی

  • December 14, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 81 Views

کوئٹہ (آئی این پی)نیشنل پارٹی کے بیان میں ممتاز معالج نیورو سرجن ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اغواء کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے ،بیان میں کہاگیاہے کہ بگڑتے ہوئے امن و امان سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بصیرت سے عاری موجودہ حکومت کی کوئی عوامی ترجیحات ہی نہیں اور یہ حکومت بلوچستان کو پھر سے اندھیروں کی طرف دھکیل رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 2013ء سے قبل بلوچستان امن و امان کی گھمبیر صورتحال سے دوچار تھا ،ٹارگٹ کلنگ ،فرقہ وارانہ منافرت ، ڈاکٹرز سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ اغوائے برائے تاوان کے واقعات سے عدم تحفظ اور ذہنی کوفت کا شکار تھے ،پولیس اور لیویز کا مورال کمزور تھااکثریتی شہروں کے بازار ہفتوں ہفتوں بند رہتے تھے جس سے عوام نان شبینہ کے محتاج ہوگئے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد نیشنل پارٹی نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت بنائی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں حکومت نے حالات کا ادراک رکھتے ہوئے بلوچستان کے امن کو ترجیحات میں سے اولیت دی اور بلوچستان میں پولیس اور لیویز سے سیاسی مداخلت کو ختم کرتے ہوئے ان کامورال بحال کیا اور ان کو دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ امن بحال کرنے کا ٹارگٹ دیااور سیکورٹی اداروں نے بتدریج امن کو بحال کیاجس سے اغوائے برائے تاوان کے واقعات ختم ہوئے اور عوام نے سکھ کا سانس لیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس حکومت کے دوران یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی اغواء کے واقعا ت رونما ہوئے ہیں،مستونگ ،بارکھان ،کیچ ،پنجگور ،نصیر آباد ریجن سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے عوام کو2013ء کے خوف کا احساس دلا رہا ہے جس سے موجودہ حکومت کی ناکامی صاف ظاہر ہے۔بیان میں کہا گیا کہ موجود حکومت امن بحال کرنے کیلئے اپنے کردار ادا کریں بصورت دیگر نیشنل پارٹی عوام کو موجودہ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی اور عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گی۔