کرپشن ریفرنسز کی سماعت، گواہان کے بیانات قلمبند ، جرح مکمل

  • December 13, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 84 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے ریفرنسز میں نامزد ملزمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے سابق ایس ڈی او عبدالنبی جتک کے ریمانڈ میں گیارہ ،گیارہ روزہ رتوسیع کے احکامات دے دئیے جبکہ سرکاری ٹینڈرز میں خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس میں 2گواہان کے بیانات قلم بند کرلئے گئے ۔گزشتہ روز احتساب عدالت کوئٹہ ون کے روبرو آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے ریفرنس میں نامزد گرفتار اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیرزمان ترین کو پیش کیاگیا تونیب کی جانب سے ان کی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی تو عدالت نے گرفتار اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیرزمان ترین کومزید11روز نیب حکام کے حوالے کرنے کے احکامات دے دئیے ۔بعدازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 24دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج کے روبرو سابق ایس ڈی او محکمہ لوکل گورنمنٹ عبدالنبی جتک کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے سے متعلق دائرریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ عبدالنبی جتک عدالت کے روبرو پیش کئے گئے جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے ریفرنس کی پیروی کرتے ہوئے گرفتار ملزم کی ریمانڈ کی استدعا کی عدالت نے سابق ایس ڈی او عبدالنبی جتک کو 11 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کے احکامات دے دئیے ۔بعدازاں مذکورہ ریفرنس کی سماعت 24دسمبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔علاوہ ازیں عدالت کے روبرو سرکاری ٹینڈرز خوردبرد سے متعلق دائرریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران نیب کی جانب سے ریفرنس میں نامزد گرفتار ملزم محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس کے سابق ایکسین عدیل انور عدالت کے روبرو پیش کئے گئے جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے ریفرنس کی پیروی کی سماعت کے دوران دو گواہان کے بیانات قلمبندکرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی ۔بعدازاں احتساب عدالت کوئٹہ ون نے ریفرنس کی سماعت 28 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ملزم پرسرکاری ٹھیکوں کے ٹینڈرز میں خورد برد کر کے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔