نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صالح بھوتانی

  • December 13, 2018, 11:09 pm
  • National News
  • 56 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردارصالح محمد بھوتانی نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے بلوچستان اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے حوالے سے بل لانے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کروں گا ،لوکل گورنمنٹ کو ملنے والے فنڈز کی مانیٹرنگ ہونے چاہئے تاکہ فنڈز صحیح طریقے سے عوام کی ترقی کیلئے خرچ ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کومحکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے زیراہتمام سول سیکرٹریٹ میں ارکان صوبائی اسمبلی ،سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مشاورتی اجلاس میں صوبائی وزیرمیر اسد بلوچ ،ارکان صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ ، نصراللہ زیرے ، مبین خان خلجی ،ملک سکندرایڈووکیٹ ،دھنش کمار ،ڈسٹرکٹ چیئرمین عیسیٰ روشن ،ملک عثمان،سیکرٹری لوکل گور نمنٹ قمبر دشتی اوردیگر نے بھی شرکت کی۔مشاورتی اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی ،سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اوردیگر نے نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے اپنی اپنی جماعتوں کی جانب سے تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار صالح محمد بھوتانی نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی اور دیگر مقررین نے جو تجاویز دی ہیں اس کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ نئے بلدیاتی نظام کو مزید بہتراور موثر بنیایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پراختیارات کی منتقلی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے ارکان صوبائی اسمبلی ، سیاسی جماعتوں اوردیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کر رہی ہے تاکہ بلوچستان میں ایک موثر اور مضبوط بلدیاتی نظام لایا جاسکے اس سلسلے میں ارکان اسمبلی اوردیگر اسٹیک ہولڈر کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی نظام کو پہلے سے زیادہ بہتر اور موثر بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی تجویز پر صوبائی کابینہ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی حدود میں توسیع کرتے ہوئے یونین کونسلزکیچی بیگ ،شادینزئی، بلیلی اور سرہ غڑگئی ڈسٹرکٹ کوئٹہ کو میڑوپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں شامل کیا گیاکچلاک یونین کونسل کچلاک کو میونسپل کمیٹی کچلاک ڈسٹرکٹ کوئٹہ جبکہ یونین کونسل صدر سمالان کو میونسپل کمیٹی سنجاوی بمقام زیارت میں شامل کیا ہے جس سے ان علاقوں کے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مددملے گی۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے حوالے سے بل اسمبلی میں لانے کی تجویز کے حوالے سے اپنی پارٹی کے قائد و و یراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بات کریں گے۔