عوام حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں تو نظام مصطفیؐکے لئے اٹھ کھڑے ہوں، عبدالحق ہاشمی

  • December 9, 2018, 11:50 pm
  • National News
  • 58 Views

کوئٹہ (پ ر )جماعت اسلامی بلوچستان کے امیرشیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر عوام حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں تو نظام مصطفیؐکے لئے اٹھ کھڑے ہوں،اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے عوام کو باکردار اور دیانت دار لوگوں کا ساتھ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جعفرآباد کی جانب سے ضلع کونسل ہال ڈیرہ اللہ یار میں منعقدہ رحمت للعالمینؐ کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کے کیا،رحمت للعالمینؐ کانفرنس سے چیئرمین ضلع کونسل میرزبیرخان جمالی،نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان ڈاکٹر عطاء الرحمان ،نائب امیرجماعت اسلامی سندھ حافظ نصراللہ چنہ،نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان بشیراحمدماندائی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ا نجنیئرعبدالمجیدبادینی ،جماعت اسلامی جعفرآباد کے امیرمحمدامین بگٹی،جنرل سیکرٹری محمدیوسف منگریو ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا،اس موقع پرجماعت اسلامی بلوچستان کے امیرمولاناعبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ نبی مہربانؐ کی سیرت کا پیغام یہی ہے کہ ان سے عشق ومحبت کا دعویٰ کرنے والے ان کے لائے ہوئے نظام کے نفاذ کے لئے بھی عملی کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ حضورؐ جیسی پاک ہستی کی موجودگی میں لینن،ہٹلر یاکسی دوسری شخصیت کی طرف دیکھنے کی کوئی ضرورت نہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب تک حکومتی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ حکومت کے پاس زبانی دعووں اور باتوں کے سوا کچھ نہیں،پاکستان کو مدینے کی طرز کی ریاست بنانے اور قرضوں سے نجات دلانے کے خواب دکھانے والوں نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے،زیادہ تروہی چہرے ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی اسی طرح کے دعوے کئے تھے،سودی نظام کی موجودگی مین معیشت کبھی ترقی نہین کرسکتی،ڈالر کی اڑان مسلسل اونچی اور روپے کی قدر گر رہی ہے جس سے مہنگائی ایک نیا طوفان آئے گا،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تحریک حرمت رسولؐ شروع کررکھی ہے،اور ربیع الاول کامہینہ پیغام سیرت کے طور پر منایا جارہا ہے،ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر سیرت ؐ کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا،لیکن مسلمان کے لئے صرف ربیع الاوٗل کا مہینہ ہی آپؐ سے عشق ومحبت کا مہینہ نہیں۔بلکہ اس کی زندگی کا ہردن اور ہر لمحہ حضورؐ سے محبت وعقیدت کا مظہرہونا ضروری ہے۔