امن معاشرے کی اہم ترین ضرورت ہے ،ظہور احمد بلیدی

  • December 5, 2018, 11:14 pm
  • National News
  • 61 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)صوبائی وزیر اطلاعات وہائر ایجوکیشن ظہوراحمد بلیدی نے کہاہے کہ امن معاشرے کی اہم ترین ضرورت ہے اور ہروجود امن وسلامتی چاہتا ہے جو افراد ،اقوام اور ملکوں کی تعمیر وترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز اور اسلامک ریسر چ انسٹیٹیوٹ اسلامک یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔کانفرنس میں صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ کے علاوہ سینئر اساتذہ ،طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طلبہ کی بہترین تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ان کی کردار سازی بھی اعلیٰ تعلیم کے اہداف کا ماحصل ہے انسانی ذہن کو اگربچپن سے اگر تعلیم وتہذیب کی اعلیٰ روایات کی تشکیل کی جانب سے مائل کر دیا جائے تومعاشرتی و سماجی امن واستحکام کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی انہوں نے کہاکہ نوجوان تعلیم کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ تعلیم قوم یامعاشرے کی ترقی کی ضامن ہے اور تعلیم ہی قوموں کی ترقی کا سبب بنتی ہے انہوں نے کہاکہ استاد کا بھی فریضہ ہے کہ طالب علموں کے ذہنوں میں معاشرتی امن اور سماجی استحکام جیسے اعلیٰ اہداف کو حاصل کرنے کیلئے جذبہ پیدا کرے تاکہ وہ نہ صرف اپنی زندگیاں سنوارنے کے قابل ہوں بلکہ سماجی سفیر کی حیثیت سے اپنے ساتھیوں کیلئے بھی مثال بنیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین ہماری نصف آبادی کی نمائندگی کرتی ہیں اور خواتین امن کے فروغ پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے بہترین مصالحتی کرداد ادا کرتی ہیں ملک وصوبے کو انتہاپسندی اور تعصبات سے پاک کرنے کیلئے خواتین کی تعلیم وتربیت وقت حاضر کا تقاضاہے انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ خواتین کسی بھی خاندان ،سماج اور خطے میں پرامن کلچر کو فروغ دے سکتی ہیں بشرطیکہ انہیں بلا امتیاز بااختیا ر کر کے فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کیا جائے ۔کانفرنس سے خطاب میں صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمدکھوسہ نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک وصوبے کو گزشتہ ایک دہائی سے زائدعرصہ سے مسلسل دہشت گردی وانتہاپسندی کا سامنا ہے اور مختلف ادوار میں مذہب اور مسلک کی منافرت پر مبنی واقعات رونما ہوئے جس میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے اور ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ۔انہوں نے کہاکہ 9/11واقعہ کے بعد امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے ہمیں بے شمار مصائب کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہماری سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی بدولت آج امن وامان کی صورتحال ماضی کی نسبت کافی بہتر ہے اور ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلو چستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور سی پیک منصوبے نے صوبے کی اہمیت اور بڑھادی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان بنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف بھی توجہ دیں جس کیلئے صوبائی حکومت صوبے بھر میں ٹیکنیکل اداروں کا قیام عمل میں لارہی ہے تاکہ سی پیک منصوبے سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقعوں سے ہمارے مقامی لوگ زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیے بغیر ہم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے ۔خطے میں امن واستحکام کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کو نہ صرف مصالحتی کوششوں بلکہ تصادم کی روک تھام کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں بھی کلیدی کردارادا کرنے کا موقع دیا جائے ۔صوبائی وزراء نے کانفرنس کے انعقاد پر بیوٹمز اور اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلامک یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کی کانفرنسوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا بعد ازاں آرگنائزرز کی جانب سے صوبائی وزراء کو شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔