عوام نے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا، پشتونخوامیپ

  • December 5, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 33 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں 2دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 45ویں برسی پر عظیم الشان اورتاریخی جلسہ عام کے انعقاد پر تمام عوام ، پارٹی عہدیداروں ، کارکنوں تمام ضلعی ، علاقائی وابتدائی یونٹوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیاگیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2دسمبر کو ہزاروں لوگوں نے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ کے عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کرکے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو ان کی جدوجہد اور قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جس قومی عزم ،ولولے اور قومی اہداف اور ملی ارمانوں کی تکمیل کے جس عزم کا اعادہ کیا وہ قابل تحسین اور قابل تقلید ہے ۔ اور پشتونخوامیپ اس کی قیادت اور ویژن ، جدوجہد وحکمت عملی اور قومی جمہوری سیاست اور جدوجہد کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوریت وفاقی پارلیمانی سیاسی نظام ، قوموں کی حقیقی رضاکارانہ فیڈریشن ، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی قوموں کی برابری ، پشتونخوا وطن کی قومی وحدت ، قومی تشخص کی بحالی ، پشتونخواوطن پر مشتمل قومی خودمختار صوبے کے حصول اور اس دو قومی صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں عملاً برابری کے حصول کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے سے بھرپور وابستگی کا حقیقی اظہار ہے جبکہ ملک میں اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ملک کی تاریخ کی بدترین دھاندلی کے ذریعے ہونیوالے انتخابات اور اس کے نتیجے میں مسلط بے اختیار اور ناکام حکومتوں اور اس کی مسلسل عوام دشمن پالیسیوں واقدامات کے خلاف بھرپور رد عمل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوا کہ ہمارے غیور عوام کا محور اور ان کے ارمانوں کی تکمیل کا ذریعہ صرف اور صرف پشتونخواملی عوامی پارٹی ہے اور اس پارٹی کے منشور پر عمل کرکے ہی ہمارے غیور عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں درپیش سنگین مشکلات ومسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے اور انھیں قومی برابری ، سیالی ، پرامن زندگی اور ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔ لہٰذا پشتونخوامیپ پشتونخوا وطن اور برصغیر پاک وہند کی آزادی کے قافلے کے عظیم رہنماء خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی ان کے رفقاء ، وطن دوست ، عوام دوست اکابرین کے ویژن ، جدوجہد اور تاریخ ساز قربانیوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے پشتونخوا طن کے تمام عوام سمیت ملک کی تمام محکوم اقوام ومظلوم عوام کے سرومال کے تحفظ اور ان کے ہر قسم کے آئینی جمہوری اور انسانی حقوق واختیارات کے حصول کی جدوجہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔