عوامی حمایت ہی ہماری طاقت ہے ، نیشنل پارٹی

  • December 5, 2018, 12:27 am
  • National News
  • 79 Views

کوئٹہ (آئی این پی)نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اگر پی بی 47 کیچ تھری کے ضمنی انتخابات شفاف ہوئے تو نیشنل پارٹی کی جیت یقینی ہے ، حلقے کے عوام نے انتخابی مہم کے دوران نیشنل پارٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا اس لئے 6 دسمبر کو سورج عوامی حمایت سے حاجی فدا حسین دشتی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان خصوصاً مکران کی مقبول ترین جماعت ہے ۔ منظم تنظیم ، سیاسی بصیرت سے آراستہ قیادت، بلوچستان کے عوام کے لئے جامع و مربوط حکمت عملی ،سرزمین سے مضبوط گہری نظریاتی و فکری وابستگی نیشنل پارٹی کی مقبولیت اور عوامی حمایت کا اثاثہ اور سرچشمہ ہے نیشنل پارٹی نے ہمیشہ حقیقی معنوں میں نمائندگی کی ہے اور بلوچستان کے سلگتے مسائل کے حل کے لئے شعوری اور سیاسی جمہوری انداز سے جدوجہد کی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی عوام کی حمایت اور طاقت پر یقین رکھتی ہے ۔ عوام ہی حقیقیتاًا جمہوریت کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں اور جمہوریت ہی عوام کو طاقتور کرسکتی ہے ۔ اس لئے عوام اپنے حق رائے دہی کو استعمال کرنے کے لئے ووٹ کے بدلے پیسے کے کلچر کے خاتمے کے ساتھ خوف کے ماحول سے نکل کو ووٹ دیکر جمہوریت کے استحکام اور اصل نماہندوں کو منتخب کرائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حاجی فدا حسین دشتی علاقے کی نمائندگی کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور عوام کی ترجمانی حاجی فدا حسین دشتی سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا ، اس لئے عوام سیاسی شعور و بصیرت کا استعمال کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرائیں ۔