دہشت گردی میں ملوث نام نہاد قوم پرست بلوچ لیڈروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا،وزیراعلیٰ جام

  • December 5, 2018, 12:26 am
  • National News
  • 74 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک ) وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور اوورسیز پاکستانی بلوچ یونیٹی کے بانی ڈاکٹر جمعہ خان مری نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر پاکستان کے اندر دہشت گردانہ وارداتیں کرانے میں ملوث نام نہاد قوم پرست بلوچ لیڈروں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا اور کراچی میں چین کے قونصل خانے پر بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردانہ حملے کو حکومت برطانیہ کے سامنے اٹھاتے ہوئے نام نہاد قوم پرست لیڈر حر بیار مری کو دی گئی سیاسی پناہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا جائیگا کیونکہ برطانیہ جیسے پر امن ملک میں دہشت گردوں کے سرغنہ کو سیاسی پناہ دینا اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر جمعہ خان نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ کراچی میں چینی قونصل خانے پر بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردانہ حملے کے اعترافی بیانات کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانا چاہیے جبکہ وہ خود اس بارے میں یورپی یونین پارلیمنٹ کے سامنے بھی اپنے خدشات پر مبنی سوالات اٹھائیں گے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال اور ڈاکٹر جمعہ خان مری نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں میں بیداری کی تحریک شروع کر کے ایسے نام نہاد قوم پرست بلوچ لیڈروں کو پوری طرح بے نقاب کیا جائیگا جو پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گردی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمعہ خان مری نے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کو اوور سیز پاکستانی بلوچ یونیٹی یورپ کے قیام کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی بھی دعوت دی، یہ تقریبات بہت جلد منعقد کی جائیں گی اور ان تقریبات میں بلوچ قوم کی نمائندہ شخصیات اور پاکستانی سیاست کے قومی دھارے میں شریک بلوچ لیڈروں کو بھی مدعو کیا جائیگااور ان تقریبات کے تمام شرکاپاکستان دشمن قوتوں اور نام نہاد بلوچ قوم پرست تحریکوں سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کی وحدت واستحکام کیلئے کردار ادا کرنیکا عہد کریں گے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے ڈاکٹر جمعہ خان مری کی پاکستان سے حب الوطنی کو سراہتے ہوئے انہیں بلوچستان کی صوبائی اور پاکستان کی وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال ان دنوں روس کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں پاکستان کے سفیر قاضی خلیل اللہ نے پاکستانی سفارتخانہ میں ان کے اعزاز میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا جس میں پنجاب کے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال ، وزیر اعلی کے پی کے مشیر کامران خان بنگش ، شہزاد خان اور عامر شوکت نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔